گورنر اور محمد علی شبیر میں لفظی تکرار

   

سیاسی ریمارکس کرنے پر نرسمہن کا اعتراض
حیدرآباد۔15 ۔ جولائی (سیاست نیوز) راج بھون میں آج گورنر اور اپوزیشن قائدین کے درمیان دلچسپ نوک جھونک ہوئی اور گورنر نے سابق فلور لیڈر محمد علی شبیر کے بعض ریمارکس پر اعتراض کیا۔ کل جماعتی قائدین کا وفد جب اسمبلی اور سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے موجودہ عمارتوں کے انہدام کے خلاف نمائندگی کیلئے راج بھون پہنچا تو گورنر نے ریونت ریڈی سے مخاطب ہوکر پوچھا کہ کیا چل رہا ہے ۔ انہوں نے اسی انداز میں محمد علی شبیر سے مخاطب ہوکر سوال کیا کہ کیا حالات ہیں، جس پر محمد علی شبیر نے جواب دیا کہ سر آپ ہم کو کہاں دیکھیں گے، آپ تو صرف دونوں چیف منسٹرس کو دیکھ رہے ہیں ۔ اس ریمارک پر گورنر نے اعتراض جتایا۔ گورنر نے کہا کہ اس طرح کے ریمارک آپ سیاسی پلیٹ فارم سے کیجئے ۔ محمد علی شبیر نے اس کے جواب میں کہا کہ ہم نے جو کہا کیا وہ درست نہیں ہے؟ آپ ریاستوں کی فکر کرنے کے بجائے چیف منسٹرس کی فکر کر رہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ آپ اس طرح کے الفاظ ادا نہ کریں۔ میں ریاستوں کو بھی بہتر طور پر دیکھ رہا ہوں۔ محمد علی شبیر نے گورنر کو جواب دیا کہ ہم سیاسی جماعت کے رکن ہیں اور سیاسی مسائل پر بات کرتے ہیں۔ اس موقع پر دیگر قائدین نے مداخلت کرتے ہوئے گورنر کی توجہ اصل مسئلہ پر مبذول کرائی ۔ یادداشت کی پیشکشی کے بعد جب قائدین واپس ہورہے تھے تو سابق اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی نے گورنر سے کہا کہ آپ جاتے ہوئے کوئی ایسا کارنامہ انجام دیں کہ لوگ یاد رکھیں کہ آپ گورنر تھے۔