ممبئی: این سی پی قومی سربراہ شرد پوار نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘ریاست میں گورنر نے متنازع بیانات دینے کے لیے شہرت حاصل کرلی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ گورنرنے اپنا یہ مشن بنالیا ہے کہ متنازعہ بیانات دے کر سماج میں تنازعہ پیدا کی جائے۔ پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ‘مہاتما پھلے، ساوتری بائی پھلے اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے بارے میں بات کرتے ہوئے گورنر جیسے عہدے پر بیٹھے شخص کو احتیاط برتنا چاہئے اور اگر کچھ کہنا ہی ہے تو جو سچائی ہے وہی بیان کرنا چاہئے۔ لیکن افسوس کہ ایک ایسے شخص کو مہاراشٹر میں گورنر بناکر بھیج دیا گیا ہے جسے اپنی ذمہ داری کا کوئی احساس نہیں ہے۔