گورنر تلنگانہ حکومت کے خلاف مرکز سے شکایت کریں گی

   

یوم جمہوریہ تقاریب کو راج بھون تک محدود کرنے پر ناراضگی
حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے یوم جمہوریہ تقاریب کو راج بھون تک محدود کرنے حکومت کے فیصلہ پر ناراضگی جتائی ہے۔ گورنر نے ریاستی حکومت کے رویہ کی مرکز سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے راج بھون کو موصولہ مکتوب میں یوم جمہوریہ تقاریب راج بھون میں منعقد کرنے کی صلاح دی گئی۔ حکومت کے مکتوب پر گورنر نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پریڈ گراؤنڈ میں تقاریب کے عدم انعقاد پر افسوس کا اظہار کیا۔ گورنر کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کے نام پر بڑے پیمانے پر تقاریب سے گریز ٹھیک نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے شکایت کی جائے گی۔ طئے شدہ پروگرام کے مطابق گورنر راج بھون میں قومی پرچم لہرانے کے بعد اپنے ذاتی خرچ پر خصوصی طیارہ سے پڈوچیری روانہ ہوں گی اور وہاں یوم جمہوریہ کی سرکاری تقاریب میں حصہ لیں گی۔ تلنگانہ حکومت نے گورنر کی تقریر کی نقل روانہ نہیں کی ہے لہذا امکان ہے کہ گورنر اپنی تیار کردہ تقریر راج بھون میں پڑھیں گی۔ گذشتہ سال بھی گورنر نے راج بھون میں پرچم کشائی انجام دی تھی اور چیف منسٹر کے سی آر تقریب سے غیر حاضر رہے۔ر