حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے قبائیلی دیہاتوں کے لئے موسم سرما کے ریلیف مٹیریل پر مشتمل 4 گاڑیوں کو راج بھون سے روانہ کیا۔ گورنر نے ریاست کے بعض قبائیلی مواضعات کو ترقی کے لئے اختیار کیا ہے۔ گورنر کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد جشنو دیو ورما نے قبائیلی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کا جائزہ لیا تھا۔ موسم سرما میں قبائیلی عوام کو سردی سے راحت پہنچانے کے لئے گورنر نے ریلیف مٹیریل روانہ کیا ہے۔ بھگوان برسا منڈا کی 150 ویں جینتی کے موقع پر گورنر نے ریلیف مٹیریل روانہ کیا۔ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، ابھئے فاؤنڈیشن اور اسمائل فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر یہ پہل کی ہے تاکہ قبائیلی طبقات کی مدد کی جاسکے۔ گورنر نے راج بھون میں عطیات وصول کئے اور اُنھیں انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے نمائندوں کے حوالہ کیا تاکہ قبائیل میں تقسیم کیا جائے۔ گورنر نے عطیہ دہندگان کے جذبۂ خیرسگالی کی ستائش کی اور کہاکہ ضرورتمند افراد کی مدد کے لئے دوسروں کو حوصلہ افزائی ملے گی۔ 1