گورنر سوندرا راجن، ریاستی وزیر دامودر راج نرسمہا اور کویتا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کرلئے گئے، تحقیقات کا آغاز

   

حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اہم شخصیتوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو ہیک کرتے ہوئے غیر متعلقہ مواد پوسٹ کیا گیا۔ ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کا سوشیل میڈیا اکاؤنٹ بھی ہیک کرلیا گیا اور تازہ ترین معاملہ میں رکن کونسل کے کویتا نے بھی سوشیل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کرنے کی پولیس میں شکایت کی ہے۔ تلنگانہ راج بھون کے عہدیداروں نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت کی ہے کہ گورنر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے۔ سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ریاستی وزیر دامودر راج نرسمہا کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا جس کی پولیس میں شکایت کی گئی ہے۔ اسی دوران بی آر ایس رکن کونسل کویتا نے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ہیک ہونے کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کی رات 10 بجے سے چہارشنبہ کی صبح 11 بجے تک ان کے اکاؤنٹ کو متواتر ہیک کیا گیا۔ انسٹا گرام پر غیر متعلقہ اور غیر ضروری ویڈیوز پوسٹ کئے۔ ہیکنگ کو محسوس کرتے ہوئے کویتا نے ڈی جی پی اور سائبر سیکوریٹی کو اس کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیکنگ سے پاک بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔1