گورنر سوندرا راجن آج قبائیلی تانڈہ میں ویکسین کی دوسری خوراک لیں گی

   

مہیشورم منڈل کے تانڈہ کا انتخاب، ضلع کلکٹر نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔/11 جولائی، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے رنگاریڈی ضلع کے مہیشورم منڈل میں واقع قبائیلی تانڈہ میں کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں شعور بیداری کیلئے قبائیلی تانڈہ کا انتخاب کیا جہاں وہ ویکسین کی دوسری خوراک لیں گی۔ ڈاکٹر سوندرا راجن 12 جولائی کی صبح کے سی تانڈہ مہیشورم منڈل ضلع رنگاریڈی پہنچ کر ویکسین لیں گی۔ قبائیلی عوام میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کے مقصد سے گورنر نے اس علاقہ کا انتخاب کیا ہے۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ ان کی اس پہل کے بعد قبائیلی عوام میں ویکسین کے حصول کا شعور بیدار ہوگا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ ریاست میں ٹیکہ اندازی میں ہر طبقہ کے ساتھ ساتھ قبائیلیوں کو بھی مکمل ترجیح دی جائے تاکہ کورونا وباء کا خاتمہ ہوسکے۔ گورنر نے ویکسین کی پہلی خوراک پوڈوچیری کے سرکاری دواخانہ میں حاصل کی تھی جہاں وہ انچارج گورنر ہیں۔ اسی دوران نے کلکٹر رنگاریڈی اموئے کمار نے مہیشورم منڈل کے قبائیلی تانڈہ کا دورہ کرتے ہوئے گورنر کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ گورنر دورہ کے موقع پر قبائیلی عوام سے ملاقات کریں گی۔ ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گورنر کے دورہ کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کئے جائیں اور تمام تر سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔ کلکٹر نے قبائیلی تانڈہ کے تحت موجود آنگن واڑی مرکز کے علاوہ پلے پرگتی کے تحت ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سڑکوں کے مرمتی کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دینے کی ہدایت دی۔