گورنر سوندرا راجن سے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی راج بھون میں ملاقات

   


کامن رکروٹمنٹ بورڈ پر حکومت کے موقف کی وضاحت، گورنر نے تقررات میں شفافیت کا مشورہ دیا
حیدرآباد ۔10 ۔ نومبر (سیاست نیوز) یونیورسٹیز میں تقررات کیلئے مشترکہ رکروٹمنٹ بورڈ کے مسئلہ پر جاری تنازعہ کے درمیان ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے راج بھون پہنچ کر گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی ۔ حکومت کی جانب سے اسمبلی میں بل کی منظوری پر گورنر نے اعتراض جتایا تھا۔ راج بھون کی جانب سے بل منظور نہیں کیا گیا جس پر حکومت کے ساتھ نیا تنازعہ پیدا ہوا۔ گورنر نے یونیورسٹیز کامن رکروٹمنٹ بورڈ کی تشکیل پر اپنے خدشات اور اندیشوں سے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کو واقف کرایا۔ گورنر نے کہا کہ عوام اور بالخصوص تلنگانہ عوام کی توقعات کے برخلاف یہ بل اسمبلی میں منظور کیا گیا ہے ۔ گورنر نے بعض اہم امور سے ریاستی وزیر اور عہدیداروں کو واقف کرایا جس میں یونیورسٹیز میں تقررات کے عمل میں مکمل شفافیت کی برقراری ، تقررات کی جلد سے جلد تکمیل اور یوجی سی قواعد کے مطابق تقررات کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر نے کہا کہ مشترکہ رکروٹمنٹ بورڈ کی کارکردگی شفافیت کے ساتھ ہونی چاہئے ۔ گورنر نے وزیر تعلیم اور عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ ریاستی یونیورسٹیز میں انفراسٹرکچر کی بہتری کو اولین ترجیح دی جائے اور ہاسٹل اور لیباریٹری سہولتوں کو بہتر بنایا جائے۔ گورنر نے کہا کہ طلبہ کی سہولت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر لیابریری کی سہولت اور ڈیجیٹل ریسورس فراہم کئے جائیں۔ گورنر نے ہر یونیورسٹی میں سابق طلبہ کو ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کا مشورہ دیا ۔ سبیتا اندرا ریڈی کے ہمراہ صدرنشین تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن پروفیسر لمبادری ، کمشنر کالیجٹ ایجوکیشن نوین متل اور سکریٹری محکمہ تعلیم شریمتی وی کرونا نے گورنر کو کامن رکروٹمنٹ بورڈ کے مقاصد سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے حکومت کے موقف کی سماعت کے بعد بلز کی منظوری کیلئے عنقریب کارروائی کا تیقن دیا۔ر