گورنر سوندرا راجن نے بوئن پلی ترکاری مارکٹ کا دورہ کیا

,

   

بائیو پلانٹ کے ذریعہ برقی کی تیاری کا جائزہ، راج بھون میں پلانٹ کے قیام کا ارادہ

حیدرآباد۔ ریاستی گورنر ٹی سوندرا راجن نے بوئن پلی ترکاری مارکٹ کا دورہ کرتے ہوئے بائیو پلانٹ کے ذریعہ برقی اور بائیو ڈیزل کی تیاری کی ستائش کی۔ گورنر نے ناکارہ ترکاری کے ذریعہ برقی کی تیاری سے متعلق اختراعی پراجکٹ کا معائنہ کیا جس کی گذشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی نے ستائش کی تھی۔ تلنگانہ میں بوئن پلی ویجیٹبل مارکٹ اپنی نوعیت کی ایک منفرد مارکٹ ہے جہاں ماحولیات کو آلودگی سے پاک کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ گورنر نے بوئن پلی مارکٹ میں انتظامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مارکٹ نے اپنی اختراعی سرگرمی کے ذریعہ قومی سطح پر ستائش حاصل کی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے من کی بات پروگرام میں اس کا ذکر کیا ہے۔ گورنر نے عہدیداروں سے پلانٹ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ ملکاجگیری پارلیمانی حلقہ کے انچارج ایم راج شیکھر ریڈی اور مارکٹ کمیٹی کے صدرنشین ٹی این سرینواس نے گورنر کا خیرمقدم کیا۔ مارکٹ کمیٹی کے سکریٹری ایل سرینواس اور مقامی قائدین اور تاجروں کے نمائندوں نے گورنر سوندرا راجن کو مارکٹ کا معائنہ کروایا اور پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ گورنر نے مارکٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے عہدیداروں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 12 ویجٹیبل مارکٹس میں بوئن پلی نے اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راج بھون میں اس طرح کے پلانٹ کے قیام کی مساعی کی جائے گی۔ گورنر کے دورہ کے موقع پر پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ گورنر کی آمد پر مقامی تاجروں نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی گورنر نے عوامی مسائل کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔