گورنر سوندرا راجن نے دھان کی خریدی مراکزکا اچانک دورہ کیا

   

کسانوں سے ملاقات، گورنر کے ساتھ تصویر کشی، عہدیداروں سے سہولتوں کے بارے میں سوالات
حیدرآباد۔/8 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر تعطل کے دوران گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ضلع نلگنڈہ کے بعض دھان خریدی مراکز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ گورنر نے عہدیداروں اور کسانوں سے دھان کی خریدی کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں ۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے دوپالہ پلی اور ارجلا باوی مواضعات کا دورہ کیا اور خریدی کیلئے رکھے گئے دھان کے ذخیرہ اور تھیلوں میں بند دھان کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حکام کی جانب سے دھان کی حفاظت کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دھان کی خریدی کا سلسلہ جاری ہے اور مراکز پر سہولتیں دستیاب ہیں۔ گورنر نے کسانوں سے دھان کیلئے تھیلوں کی دستیابی کے بارے میں سوالات کئے۔ عہدیداروں نے کہا کہ آئی کے پی مراکز پر دھان کی خریدی کا سلسلہ جاری ہے۔ گورنر کی اچانک آمد پر کسان حیرت میں پڑ گئے اور خاتون کسانوں نے گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ تصویر کھینچوائی ۔ گورنر کی اچانک آمد نے کسانوں میں بھروسہ پیدا کیا اور انہوں نے اپنے مسائل سے گورنر کو واقف کرایا۔ گورنر نے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ قبل ازیں سوندرا راجن نے نلگنڈہ کے شیر بنگہ علاقہ میں نوتعمیر شدہ مندر کا افتتاح کیا اور خصوصی پوجا میں شرکت کی۔ر