گورنر سے تلگو دیشم ، سی پی ایم اور جنا سمیتی قائدین کی ملاقات

   

Ferty9 Clinic

غریبوں اور کسانوں کے مسائل پر نمائندگی، حکومت کو ہدایات جاری کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔4 ۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ کی اپوزیشن جماعتوں تلگو دیشم، تلنگانہ جنا سمیتی اور سی پی ایم قائدین کے ایک وفد نے آج گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے راج بھون میں ملاقات کی ۔ صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا ، صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام اور سی پی ایم قائد پدما نے گورنر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرہ کے پیش نظر تلنگانہ میں درپیش مختلف مسائل پر نمائندگی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت موجودہ صورتحال سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے لیکن حکومت کو امداد کی فراہمی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ اپوزیشن قائدین نے کہا کہ کورونا کے کیسس پر قابو پانے کے لئے محکمہ صحت کو عصری بنانے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو مزید سہولتیں فراہم کی جانی چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ غریبوں کے لئے راشن اور رقمی امداد کا اعلان کیا جائے جو راشن کارڈ سے مربوط نہ ہو۔ ہر غریب کو حکومت کی جانب سے معاشی پیاکیج کا اعلان کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی ورکرس وطن واپسی کے منتظر ہیں اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ وہ ان معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت دیں ۔ اپوزیشن نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کورونا سے نمٹنے کے ا قدامات میں اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ ایک بھی کل جماعتی اجلاس طلب نہیں کیا گیا ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن قائدین نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں حاصل ہونے والے عطیات کی تفصیلات عوام میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاست کی معاشی صورتحال پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کی مانگ کی ۔ اپوزیشن قائدین نے کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے صورتحال سے واقف کرانے اور کالیشورم پراجکٹس کے ٹنڈرس کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ ایل رمنا نے کہا کہ غریبوں سے متعلق حکومت کا رویہ غیر انسانی ہے ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کورونا ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کی اپیل کی۔