گورنر نے راج بھون میں اُگادی تقاریب کا اہتمام کیا

   

قبائیل اور خواتین کیلئے خصوصی فنڈزکی اجرائی، روایتی غذاؤں سے مہمانوں کی تواضع
حیدرآباد۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے راج بھون میں اُگادی تقاریب میں حصہ لیا جو تلگو سالِ نو کے موقع پر منائی جاتی ہیں۔ گورنر نے روایتی اُگادی پچڑی اپنی سرکاری قیامگاہ میں تیار کرائی اور مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے دیگر روایتی ڈشیس کی تیاری کی نگرانی کی جو گُڑ سے تیار کی جاتی ہیں۔ راج بھون پریوار کے ارکان یہ پکوان کرتے ہیں۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ تلگو سالِ نو تقاریب میں راج بھون پریوار اور مہمانوں کے ساتھ شرکت پر انہیں خوشی ہے۔ انہوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اُگادی تلگو سالِ نو کورونا وائرس کے خاتمہ کا آغاز ثابت ہوگا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ملک کے عوام کو کورونا وباء سے جلد نجات ملے گی۔ انہوں نے تلنگانہ عوام کو اور دنیا بھر میں بسنے والے تلگو عوام کو اُگادی کی مبارکباد پیش کی اور صحت مند اور خوشیوں سے بھرپور سال گذرنے کی اُمید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پوڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے اور زائد ذمہ داریاں زیادہ وقت طلب ہوتی ہیں باوجود اس کے وہ ہمیشہ تلنگانہ عوام کی بھلائی کے بارے میں فکر مند رہتی ہیں۔ جب کبھی میں نے کورونا ٹیکہ کی زائد سربراہی کے بارے میں بات چیت کی ہے میں نے ہمیشہ تلنگانہ عوام کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو کورونا ٹیکوں کی زائد سربراہی سے انہیں بے حد خوشی ہے۔ گورنر نے ریاست میں قبائیلی عوام کیلئے شروع کردہ فلاحی پروگرام کیلئے 8.66 لاکھ کی گرانٹ کا اعلان کیا جو گورنر کے اختیار تمیزی کے تحت جاری کی جاسکتی ہے۔ گورنر نے یہ رقم کا چیک انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے حوالہ کیا ہے جو قبائیلیوں کے اس پروگرام پر عمل آوری کی نگرانی کرے گی۔ گورنر نے کورونا کی صورتحال کے سلسلہ میں آئی آر سی ایس اور ای ایس آئی سی کے ڈاکٹرس اور میڈیکل کالجس کے ڈاکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ گورنر نے خود روزگار اسکیم کے تحت خواتین کیلئے 50 ہزار روپئے کی معاشی امداد فراہم کی ہے۔ یہ رقم راج بھون پریوار کے ارکان کی جانب سے ہینڈ کرافٹ اور دیگر اشیاء کی تیاری کے میٹریل کی خریدی میں استعمال کی جائے گی۔ گورنر نے خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کیلئے منفرد پروگراموں کی تجویز پیش کی ہے۔ اس موقع پر امیرپیٹ مندر کے پجاریوں نے گورنر اور ان کے شوہر نامور ماہر امراض گردہ ڈاکٹر پی سوندرا راجن کو آشیرواد دیا۔ گورنر کے سکریٹری سریندر موہن، مشیران کے علاوہ دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔