گورنر نے ریونت ریڈی کی تقریر کی تعریف کی

   

میں روزانہ آپ کو سنتی ہوں، کانگریس قائدین حیرت زدہ
حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کانگریس قائدین سے ملاقات کے دوران صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی تعریف کرتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ پبلک سرویس کمیشن کے پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں کانگریس وفد نے راج بھون پہنچ کر ڈاکٹر سوندرا راجن سے ملاقات کی۔ کانگریس قائدین سابق میں بھی سوندرا راجن سے ملاقات کرچکے ہیں لیکن اس مرتبہ ان کا انداز تخاطب اور رویہ بالکل مختلف تھا۔ گورنر نے کانگریس قائدین سے زیادہ پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق گورنر نے کہا کہ پرچہ جات کا افشاء ایک بڑا معاملہ ہے اور میں اسے سنجیدگی کے ساتھ نمٹوں گی۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ میں حکومت اور اپوزیشن قائدین کے بیانات کو دیکھ رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے ریمارکس اور بیانات کو وہ روزانہ دیکھ رہی ہیں۔ ریونت ریڈی بہت اچھی تقریر کرتے ہیں۔ گورنر کی جانب سے ریونت ریڈی کی غیر متوقع تعریف سے دیگر قائدین حیرت میں پڑ گئے۔ ریونت ریڈی نے گورنر سے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے اور اس معاملہ میں کے ٹی آر سے پوچھ تاچھ کے حق میں ہے۔ ملاقات کافی دیر تک جاری رہی اور گورنر نے گھل مل کر مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔ بعد میں کانگریس قائدین نے کہا کہ گورنر کا رویہ ان کیلئے اس لئے حیرت کا باعث رہا کہ عام طور پر گورنرس کسی بھی نمائندگی پر اپنی رائے کا اظہار کئے بغیر جائزہ لینے کا تیقن دیتے ہیں۔ر