گورنر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات

,

   

Ferty9 Clinic

اناج اور ہیلت کٹس کی تقسیم، راحت اور باز آبادکاری کیلئے حکومت کو توجہ دہانی کا وعدہ

حیدرآباد۔/2 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج سیلاب سے متاثرہ ہنمکنڈہ ضلع کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے متاثرین میں ہیلت کٹس اور اناج تقسیم کرتے ہوئے متاثرین کے مسائل کو متعلقہ حکام کے علم میں لاتے ہوئے یکسوئی کے اقدامات کا تیقن دیا۔ گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن عوامی مسائل پر بی آر ایس حکومت کے خلاف موقف اختیار کرچکی ہیں اور وہ سابق میں قبائیلی علاقوں کا بھی دورہ کرچکی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ نہیں کیا لیکن گورنر نے آج ہنمکنڈہ ضلع کے جواہر نگر، نٹراج نگر اور دیگر کالونیوں میں پہنچ کر عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے متاثرین کی سماعت کرتے ہوئے مسائل کو حکومت کے علم میں لانے کا وعدہ کیا۔ گورنر نے سیلاب سے متاثرہ مکانات اور کھڑی فصلوں کو نقصانات کا شخصی طور پر جائزہ لیا۔ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے ذریعہ متاثرین میں ہیلت کٹس اور اناج تقسیم کیا گیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں متاثرین نے گورنر سے نمائندگی کی اور تحریری یادداشت پیش کی۔ گورنر نے ہر ایک متاثرہ شخص کی بغور سماعت کی اور نقصانات پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریڈ کراس سوسائٹی ورنگل کو رقم حوالے کرتے ہوئے متاثرین کی ضرورتوں کی تکمیل کی ہدایت دی۔ انہوں نے اپنے ساتھ موجود پینے کا پانی بھی متاثرین میں تقسیم کیا کیونکہ متاثرین نے صاف پینے کے پانی کی کمی کی شکایت کی۔ گورنر سوندرا راجن نے عہدیداروں سے فصلوں اور املاک کے نقصانات کی تفصیلات حاصل کیں۔ ریلیف کیمپس میں عوام کی منتقلی اور انہیں دی جانے والی سہولتوں سے گورنر کو واقف کرایا گیا۔ گورنر نے کہا کہ ہنمکنڈہ میں عوام بارش سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات کرنے چاہیئے۔ گورنر کے دورہ کے موقع پر سیکوریٹی کے انتظامات کئے گئے تھے تاہم سوندرا راجن نے سیکوریٹی کا حلقہ توڑ کر متاثرین سے بات چیت کی۔