چنڈی گڑھ: پنجاب کے گورنر بنواری لال پروہت اپنے عہدہ سے مستعفی ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنا صدر کو ارسال کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بنواری لال کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے رہے ہیں۔ بنواری لال پروہت نے ایک خط میں کہا کہ اپنی ذاتی وجوہات اور کچھ دیگر ذمہ داریوں کی وجہ سے میں پنجاب کے گورنر اور چنڈی گڑھ کے مرکزی علاقے کے ایڈمنسٹریٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ بنواری لال نے اگست 2021 میں پنجاب کے 36ویں گورنر کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔ تب پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس روی شنکر جھا نے پنجاب راج بھون میں بنواری لال پروہت کو عہدے کا حلف دلایا تھا۔ بنواری لال پروہت تین بار لوک سبھا کے رکن رہ چکے ہیں اور وسطی ہندوستان کے سب سے پرانے انگریزی روزنامہ ‘دی ہتواد’ کے منیجنگ ایڈیٹر رہ چکے ہیں۔ انہیں ایک نامور ماہر تعلیم، مشہور سماجی کارکن اور قوم پرست مفکر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہیں عوامی زندگی میں چار دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ ہے۔