گورنر کوٹہ کی ایم ایل سی نشستوں کی راج بھون سے منظوری میں تاخیر

   

حکومت و بی آر ایس حلقوں میں الجھن، راج بھون سے گورنر کی پوڈوچیری میں مصروفیات کا عذر
حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کے حکومت میں انضمام سے متعلق معاملہ میں راج بھون اور حکومت کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں برسراقتدار پارٹی کی نظریںگورنر کوٹہ کی دو کونسل نشستوں سے متعلق فیصلہ پر ٹکی ہوئی ہیں۔ حکومت نے طویل انتظار کے بعد گورنر کوٹہ کی دو ایم ایل سی نشستوں کیلئے ڈی شراون اور کے ستیہ نارائنا کے ناموں کی سفارش کی ہے۔ گذشتہ ہفتہ کابینہ کے اجلاس میں ناموں کی منظوری کے بعد حکومت نے راج بھون کو مکتوب روانہ کیا لیکن گورنر نے تاحال دونوں ناموں کو منظوری نہیں دی ہے اور نہ ہی اس بارے میں حکومت سے کوئی وضاحت طلب کی گئی۔ سابقہ تجربات کی روشنی میں برسراقتدار پارٹی فکر مند ہے کہ آیا گورنر حکومت کے سفارش کردہ ناموں کو کلیرنس دیں گی یا پھر کوشک ریڈی کی طرح ان ناموں کو مسترد کیا جائے گا۔ کونسل کی گورنر کوٹہ کی نشستوں پر نامزدگی کیلئے ڈاکٹر سوندرا راجن کی منظوری ضروری ہے۔ عام طور پر حکومت سے تجاویز موصول ہوتے ہی گورنر ناموں کو منظوری دیتی ہیں لیکن تازہ ترین معاملہ میں گورنر کی خاموشی سے حکومت اور برسراقتدار پارٹی الجھن کا شکار ہے۔ راج بھون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ناموں کی سفارش موصول ہوچکی ہے تاہم گورنر نے مذکورہ فائیل کا ابھی تک جائزہ نہیں لیا۔