گورنر کوٹہ کی ایم ایل سی نشستیں ہائی کورٹ کے فیصلہ تک موخر

   

عدالت میں 24 جنوری کو سماعت مقرر ، گورنر کے دفتر سے بیان کی اجرائی
حیدرآباد۔17جنوری(سیاست نیوز) گورنر کوٹہ کے تحت موجود دو ارکان قانون ساز کونسل کی نشستوں کو پر کرنے کے معاملہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے کی گئی سفارش پر گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے اپنے فیصلہ کو تلنگانہ ہائی کورٹ میں جاری رٹ درخواست کی یکسوئی تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر کے دفتر سے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ گورنر تلنگانہ نے گورنر کوٹہ کے تحت موجود 2ارکان قانون ساز کونسل کی نشستوں کے معاملہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ میں جاری رٹ درخواست نمبر 180/2024اور 181/2024 کی عدالت کی جانب سے یکسوئی کے بعد فیصلہ کرنے کی تہیہ کیا ہے۔سابقہ حکومت کی جانب سے گورنر کو روانہ کئے گئے دوناموں کو مسترد کئے جانے کے معاملہ میں دونوں امیدواروں نے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے رٹ درخواست داخل کی تھی اور مذکورہ مقدمہ کی سماعت تلنگانہ ہائی کورٹ میں 24 جنوری کو مقرر ہے۔راج بھون کی جانب سے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ بھارت راشٹرسمیتی قائدین ڈاکٹر شرون دوساجو اور کے ستیہ نارائینہ کی جانب سے داخل کی گئی درخواستوں پر ہائی کورٹ میں جاری مقدمہ کی یکسوئی کے بعد ہی گورنر تلنگانہ حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے ناموں کے متعلق قطعی فیصلہ کریں گی۔ 3