گورنمنٹ اسکول میں صفائی کی ناقص صورتحال پر کارروائی نارائن پیٹ میں دو چپراسی معطل ، صدر مدرس اور پی ٹی ٹیچر کو وجہ بتاؤ نوٹس

   

نارائن پیٹ۔ 25 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نارائن پیٹ ایس وینکٹ راؤ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نارائن پیٹ کے دو چپراسیوں کو معطل کرتے ہوئے صدر مدرس اور پی ٹی ٹیچر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی ہیں۔ تفصیلات کے بموجب اربن رورل ایجوکیشن مینجمنٹ کی ڈائریکٹر جی سندھیا نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں صحت و صفائی سے متعلق ایک پروگرام منعقد کیا تھا۔ اسی دوران چند خنزیر احاطہ اسکول میں داخل ہوئے اور سیدھے کمرہ جماعت میں آگئے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس وقت اسکول میں صدر مدرس، اساتذہ اور چپراسیاں بھی موجود تھیں اور کسی نے بھی کوئی حل چل نہیں کی۔ اس صورتحال کی شکایات جی سندھیا نے ضلع کلکٹر نارائن پیٹ کو پیش کی تھی۔ ضلع کلکٹر نے ایم ای او نارائن پیٹ راملو کو اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا۔ راملو نے تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ میں بتایا کہ طلباء کے دوپہر کے کھانے کے دوران بھی خنزیر احاطہ اسکول میں داخل ہورہے ہیں اور صفائی کی ناقص صورتحال سے بھی ضلع کلکٹر کو رپورٹ پیش کی جس پر ضلع کلکٹر ایس وینکٹ راؤ، اسکول کے دو چپراسیوں، وینکٹماں اور سری دیوی کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا اور صدر مدرس محمد ایوب اور پی ٹی ٹیچر پروین بیگم کو وجہ بتاؤ نوٹسیں جاری کی ہیں۔ ضلع کلکٹر نے میڈیا کے ذریعہ تمام اسکولوں کے ذمہ داروں کو ہدایت کی ہے کہ اسکول کے احاطوں اور کمرہ جماعتوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ماحول سرسبز و شاداب بنائیں۔