کانگریس اور بی جے پی کارکنوں کی ٹی آر ایس میں شمولیت ، محمود علی نے استقبال کیا
حیدرآباد ۔7 ۔ نومبر (سیاست نیوز) گوشہ محل اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی اور کانگریس کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے آج ٹی آر ایس میں شمولیت ا ختیار کرلی ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں بی جے پی کے 40 اور کانگریس کے 30 کارکن ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ۔ وزیر داخلہ نے پارٹی کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا۔ اس موقع پر محمد محمود علی نے کہا کہ گوشہ محل اسمبلی حلقہ کافی پسماندہ ہے اور ترقیاتی اسکیمات سے دور ہے۔ مقامی رکن اسمبلی کی عدم دلچسپی کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوشہ محل کے رکن اسمبلی جیل میں ہیں، اس کے نتیجہ میں ترقیاتی سرگرمیاں ٹھپ ہوچکی ہیں۔ آئندہ انتخابات میں گوشہ محل سے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیابی حاصل ہوگی اور یہ حلقہ ترقی کرے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ منوگوڑ میں ٹی آر ایس کی کامیابی دراصل فرقہ پرست پارٹی پر سیکولرازم کی کامیابی ہے۔ منوگوڑ کے رائے دہندوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ کے سی آر کی پالیسیوں اور اسکیمات سے متاثر ہیں۔ ملک بھر میں سیکولر پارٹی کے طور پر ٹی آر ایس اور سیکولر لیڈر کے طور پر چندر شیکھر راؤ شہرت رکھتے ہیں۔ کئی ریاستوں میں قائدین اور کارکن بی آر ایس میں شمولیت کے لئے بے چین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس صرف الیکشن کے وقت متحرک نہیں ہوتی بلکہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہتی ہے۔ وزیر داخلہ نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ ٹی آر ایس قائد محمد عقیل کی قیادت میں بی جے پی اور کانگریس کے کارکنوں نے وزیرا داخلہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پارٹی قائدین مسیح اللہ خاں ، اسحق امتیاز ، عارف الدین ، معید خاں ، خواجہ بدرالدین اور دوسرے موجود تھے۔ ر