گووند پنسارے قتل کیس کے چھ ملزمین کوبمبئی ہائی کورٹ نے دی ضمانت

   

ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کے روز کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی )کے سینئر لیڈر گووند پنسارے قتل کیس میں ملوث چھ ملزمان کو ضمانت دے دی۔ عدالت نے ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کافی عرصے سے جیل میں ہیں اور مقدمے کی تکمیل میں مزید تاخیر متوقع ہے ۔ جسٹس انیل کلور کی سربراہی میں سنگل بنچ نے سچن اندورے ، واسودیو سوریاونشی، بھرت کرنے ، امیت دیگویکر، امیت بدی اور گنیش مسکین کو ضمانت منظور کی۔ ان تمام ملزمان کو 2018 اور 2019 کے درمیان گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں نوٹ کیا کہ ابھی تک 250 سے زائد گواہوں پر جرح باقی ہے ، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ مقدمہ جلد مکمل ہونے کے امکانات کم ہیں۔فروری 2015 میں کولہاپور کے سمراٹ نگر میں گووند پنسارے اور ان کی اہلیہ پر اس وقت فائرنگ کی گئی تھی جب وہ صبح کی سیر کے بعد گھر واپس جا رہے تھے ۔