گوکل چاٹ بھنڈار کے مالک کوویڈ۔19 سے متاثر۔ دکان جز وقتی طورپر بند

,

   

حیدرآباد: شہر کا مشہور چاٹ بھنڈار گوکل چاٹ واقع کوٹھی کے مالک کورونا وائرس سے مثبت پایاگیا۔ انہیں بنجارہ ہلز کے ایک خانگی اسپتال میں شریک کروایا گیا ہے۔ ان کی عمر 72 سال بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان میں کوویڈ۔19 کے علامات ظاہر ہورہے تھے۔ ان کی جانچ کرنے پروہ متاثر پائے گئے۔ بعد ازاں انہیں بنجارہ ہلز کے ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا اور ان کے علاقہ واقع کوٹھی کو کنٹینمنٹ زون قرار دے دیا گیا اور عوامی داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی۔

سلطابازار پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سبارامی ریڈی نے بتایا کہ ٹسٹ کیلئے ان کے خون کے نمونہ حاصل کیا گیا تھا جس پر ان کا ٹسٹ مثبت پایاگی۔ پولیس نے ان کی دکان کو جزوقتی طورپر بند کردیا ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت اور جی ایچ ایم سی عملہ متاثرہ شخص کی قیام گاہ پہنچ کر ان کے خاندان کے دیگر افراد کے خون کے نمونے حاصل کرلئے اور تمام کو الگ تھلگ رکھ دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گوکل چاٹ شہر کا مشہور چاٹ بھنڈار ہے۔اس کے قیام کو تقریبا 60 سال کا عرصہ گذر چکا ہے۔ روزانہ سینکڑوں چاٹ کا شائقین چاٹ کا مزہ لیتے ہیں۔ یہاں پر چاٹ کے علاوہ دہی پوری، سموسہ اور کچھوری بھی دستیاب رہتا ہے۔ 2007ء میں یہاں بم بلاسٹ بھی ہواتھا جس میں کئی افراد لقمہ اجل بن چکے تھے۔