میڑچل، ملکاجگری اضلاع میں تجربہ کا فیصلہ، محکمہ مال سے اقدامات کو قطعیت
حیدرآباد۔11۔اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ مال کے عہدیداروں کی جانب سے تیار کئے جانے والے پراجکٹ کے مطابق اب گوگل میاپ پر سرکاری اراضیات کی نشاندہی ہوجائے گی اور کسی بھی سرکاری اراضی کے متعلق گوگل میا پ پر تفصیلات موجود رہیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ مال حکومت تلنگانہ کے عہدیداروں کی جانب سے جاری سروے کے دوران تمام سرکاری اراضیات بشمول‘ محکمہ دفاع ‘ محکمہ جنگلات‘ و دیگر محکمہ جات کے علاوہ مرکزی وریاستی حکومت کی جائیدادوں کی گوگل میاپ پر نشاندہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد محکمہ مال کے عہدیداروں نے گوگل میاپ پر اراضیات بالخصوص سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی کے سلسلہ میں میڑچل ۔ملکاجگری ضلع کو بطور تجرباتی پراجکٹ اختیار کرنے کا فیصلہ کیاہے تاکہ ابتدائی طور پر پائیلٹ پراجکٹ کے ذریعہ اس منصوبہ کی کامیابی کی شرح کی جانچ کی جا سکے ۔ عہدیداروں کے مطابق ریاست بھر میں موجود سرکاری ‘ ممنوعہ ‘ دفاعی ‘ جنگلات کی اراضیات کو گوگل میاپ پر پیش کرنے کے اس منصوبہ پر عمل آوری سے قبل میڑچل و ملکاجگری ضلع میں بغیر کسی خامی کے حدود کے تعین کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے پائیلٹ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا اور پھر دیگر اضلاع میں موجود ان جائیدادوں کی نشاندہی ضلع کلکٹر کی نگرانی میں کرتے ہوئے ان کے حدود متعین کئے جائیں گے تاکہ مکمل تفصیلات گوگل میاپ پر موجود رہیں۔ محکمہ مال کی جانب سے جاری اراضیات کے اس سروے کا میڑچل ملکا جگری ضلع میں آغاز کیا جاچکا ہے اور حلقہ جات اسمبلی میڑچل ‘ ملکا جگری ‘ قطب اللہ پور‘ کوکٹ پلی اور اپل میں یہ سروے جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع میڑچل و ملکاجگری میں جملہ 5ہزار195 ایکڑ سرکاری اراضیات ہیں جبکہ 11 ہزار201ایکڑ تفویض کردہ اراضیات ہیں جو کہ غریبوں کو حوالہ کی گئی ہیں لیکن عہدیداروں کے مطابق بیشتر غریبوں کے حوالہ کی گئی جائیدادیں و اراضیات رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے زیر تسلط ہیں لیکن اب گوگل میاپ پر ان اراضیات کی نشاندہی کے بعد عوام بھی اس بات سے باخبر ہوجائیںگے کہ کونسی اراضیات تفویض کردہ اراضیات ہیں اور کونسی اراضیات سرکاری ہیں۔ محکمہ مال کے ریکارڈس کے مطابق ضلع میں موجود سرکاری و تفویض کردہ اراضیات کے حدود گوگل میاپ کے ذریعہ متعین کئے جائیں گے اور ان حدود کے مطابق میاپ پر ان کی تفصیلات موجود رہیں گی۔3