وزیر اقلیتی بہبود نے ارا ضی کا معائنہ کیا، پولیس اور دیگر محکمہ جات پر برہمی کا اظہار
حیدرآباد ۔ 19۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) گٹلہ بیگم پیٹ کی 90 ایکر اوقافی اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے آج عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے اراضی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کو اراضی کے تحفظ میں ناکامی اور وقف بورڈ سے عدم تعاون پر سخت کارروائی کی دھمکی دی اور کہا کہ وہ ناجائزہ قابضین کے حق میں پولیس کے رویہ کی چیف منسٹر سے شکایت کریں گے ۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی اور دوسروں کے ہمراہ وزیر اقلیتی بہبود نے اوقافی اراضی کا جائزہ لیا اجس پر گزشتہ دنوں ناجائز قبضہ کی کوشش کی گئی ۔ اظہرالدین نے مقامی افراد کی شکایات کی سماعت کی اور سرکاری محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ وقف اراضی کے تحفظ کی ہدایت دی ۔ اظہرالدین نے مقامی پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ قابضین کے خلاف شکایت کے باوجود پولیس نے کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو 90 ایکر اوقافی اراضی کا بہرصورت تحفظ کرنے کی ہدایت دی۔ اور کہا کہ اگر عہدیدار کارروائی نہ کریں تو وہ خود رات میں قیام کریں گے۔ اظہرالدین نے کہا کہ وہ اراضی پر رات میں قیام کے لئے تیار ہیں کیونکہ وقف اراضی کا تحفظ ہر کسی کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے وقف بورڈ کے عہدیداروں پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیس میں شکایت درج کرنے کے بجائے گزٹ کی تفصیلات سے پولیس عہدیداروں کو واقف کرایا جائے۔ اظہرالدین نے مقامی پولیس عہدیداروں کی چیف منسٹر اور ڈائرکٹر جنرل پولیس سے شکایت کی دھمکی دی اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر عہدیداروں کا تبادلہ کردیا جائے گا ۔ قابضین مقامی افراد پر حملے کر رہے ہیں لیکن پولیس تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ہائی کورٹ کی جانب سے جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت کے باوجود پولیس قابضین کی مدد کر رہی ہے ۔ انہوں نے گزشتہ ایک ماہ میں تعمیر کردہ غیر مجاز شیڈس کو فوری منہدم کرنے کی ہدایت دی ۔ اظہرالدین نے حیڈرا کے عہدیداروں کے رویہ پر بھی ناراضگی جتائی ۔ صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ قابضین کسی بھی دستاویزات کے بغیر تعمیرات میں مصروف ہیں اور پولیس ان کی سرپرستی کر رہی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ اظہرالدین نے مسجد گٹلہ بیگم پیٹ میں نماز جمعہ ادا کی۔1
