حیدرآباد۔29ستمبر(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے مادھا پور‘ گچی باؤلی‘ فینانشل ڈسٹرکٹ کے علاقوں میں ٹریفک جام کے مسائل سے نمٹنے اور آمد و رفت کو آسان بنانے کے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں گچی باؤلی جنکشن سے فینانشل ڈسٹرکٹ کو جوڑنے والے ایک نئے فلائی اوور برج کی تعمیر جاری ہے جو کہ جون2022 تک مکمل کرلی جائے گی۔ عہدیداروں کے مطابق اس فلائی اوور کی تعمیر مکمل ہونے کی صورت میں مادھا پور‘ کونڈا پوراور میناکشی گروپ کی سڑک پر بھی ٹریفک کی بہاؤ میں آسانی پیدا ہوگی۔ ڈسمبر 2019 میں شروع کئے گئے اس پراجکٹ کو جون 2022 میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور عہدیداروں نے کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کی توثیق کردی ہے کہ اس فلائی اوور کو وسط 2022 میں مکمل کرلیا جائے گا۔ 823میٹر طویل 16.60 میٹر چوڑے اس فلائی اوور کے تعمیری کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے اقداما ت کئے جا رہے ہیں اور ان کاموں کی تکمیل کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں کے متعلق بتایاجارہا ہے کہ پلر تیار کئے جاچکے ہیں۔ پراجکٹ پر خدمات انجام دینے والے انجینئرس کا کہناہے کہ ریاستی حکومت کی منظوری کے بعد شروع کئے گئے اس فلائی اوور برج کے کاموں کی رفتار حسب توقع جاری ہے اور اس فلائی اوور کی تعمیر مستقبل کی ضرورتوں کو نظر میں رکھتے ہوئے عمل میں لائی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پراجکٹ کے آغاز کے بعد اس علاقہ میں ٹریفک کے بہاؤ کے سلسلہ میں کئے گئے سروے کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ اس علاقہ سے فی گھنٹہ 1464 موٹر کاریں گذرتی ہیں اور آئندہ 20برسوں کے بعد یعنی 2040 میں اس سڑک پر فی گھنٹہ 2194 گاڑیوں کے گذرنے کا امکان ہے اسی لئے اس سڑک کو توسیع دینے کے علاوہ فلائی اوور برجس کی تعمیر کے اقدامات کو یقینی بنایا جانا لازمی ہے ۔م