گڈکری کا چینائی ۔ سیلم ایکسپریس وے پراجکٹ کی تکمیل کا وعدہ

,

   

کسانوں سے تعاون کی اپیل ، ٹاملناڈو میں انتخابی ریلی سے خطاب
سیلم ۔ (ٹاملناڈو) ۔ /14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر اور وزیر برائے قومی شوارع و حمل نقل نتن گڈکری نے اتوار کو بتایا کہ جو کسان چینائی ۔ سیلم ایکسپریس وے پراجکٹ کے لئے زمین کے حصول کی مخالفت کررہے ہیں ان سے بات چیت کے بعد اس پراجکٹ پر عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مسئلہ حل ہوجائے گا ۔ انہوں نے یہاں اناڈی ایم کے کے اتحادی امیدوار کی تائید میں ایک انتخابی جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ معاملہ مدراس ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا ۔ عدالت نے اس پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ مگر مجھے یقین ہے ہم حصولیات اراضی کی جو قیمت آپ کو دے رہے ہیں وہ بہت زیادہ ہے ۔ ہم نے اس کی قیمت میں آج کے حساب سے اضافہ کردیا ہے ۔ ہماری قیمت بہت زیادہ ہے ۔ /8 اپریل کو ہائی کورٹ کے خصوصی بنچ نے 10 ہزار کروڑ روپیوں کی حصولیات کے طریقہ کار کو کالعدم قرار دے دیا ۔ اوراس کے لئے یہ جواز پیش کیا کہ مجوزہ ریلوے راستے سے ماحولیات پر بڑا اثر پڑے گا ۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ یہ پراجکٹ اس علاقے کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹاملناڈو کے وزیر اعلیٰ کے پلانی سوامی مسلسل اس پراجکٹ کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ۔ میں امید کرتا ہوں کہ اس دوران کسانوں نے بات چیت کے بعد ہم اس مسئلہ کو سلجھالیں گے اور آپ کے سرسبز و شاداب ایکسپریس وے کے خواب کو پورا کردیں گے ۔ انہوں نے رائے دہندوں پر زور دیا کہ وہ اے آئی اے ڈی ایم کے کی قیادت میں قائم اتحاد کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں جس میں بی جے پی بھی شامل ہے ۔ گڈکری جو آبی وسائل کے بھی ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ ٹاملناڈو کے آبی مسائل کو ختم کردیں گے ۔ انہوں نے مزید بیان دیا کہ میرا اعتبار قائم ہے کیونکہ میں نے ہمیشہ جو کہا ہے وہ کرکے دکھایا ہے ۔ مجھے پتہ ہے کہ اس ریاست میں پانی کا مسئلہ بہت نازک ہے ۔ میں آپ کو یقین دلارہا ہوں ، این ڈی اے اور اس کے امیدوار کو ووٹ دیجئے ہم فوری پانی کی قلت کے مسئلہ کو حل کردیں گے ۔