تاحال 8 مسلم ممالک سمیت29 ممالک سے لے چکے ہیں ایوارڈ
نئی دہلی ۔3جون؍ جولائی ( ایجنسیز)وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت 5 ممالک کے دورے پر ہیں۔ اس سلسلے میں وہ سب سے پہلے گھانا پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم مودی کو گھانا کے صدر جان ڈرامانی مہاما نے’آفیسر آف دی آرڈر آف دی اسٹار آف گھانا‘ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یہ وزیر اعظم مودی کا گھانا کا پہلا دو طرفہ دورہ ہے اور تین دہائیوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا گھانا کا یہ پہلا دورہ ہے۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا کہ میں‘دی آفیسر آف دی آرڈر آف دی اسٹار آف گھاناسے نوازے جانے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اعزاز حاصل کرنا فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں 140 کروڑ ہندوستانیوں کی جانب سے عاجزی کے ساتھ یہ ایوارڈ قبول کرتا ہوں۔انہوں نے لکھا کہ میں اس اعزاز کو دونوں ممالک کے نوجوانوں کی امنگوں اور روشن مستقبل، گھانا اور ہندوستان کے درمیان تاریخی تعلقات اور ان کی بھرپور ثقافتی روایات اور تنوع کیلئے وقف کرتا ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ یہ اعزاز ایک ذمہ داری بھی دیتا ہے اور وہ ذمہ داری ہندوستان گھانا دوستی کو مضبوط کرنے کے لئے کام کرنا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق مودی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ گھانا کے ان کے تاریخی سرکاری دورے سے ہندوستان۔گھانا تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔ اس سے پہلے چہارشنبہ کو وزیر اعظم مودی اور صدر مہاما کے درمیان وسیع بات چیت کے بعد دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو جامع شراکت داری کی سطح تک بڑھایا۔2025 تک، وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی قیادت، سفارت کاری اور ہندوستان کے عالمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں تعاون کیلئے 24 سے زیادہ ممالک سے اعلیٰ ترین شہری اعزازات ملے ہیں۔ یہ اعزازات ہندوستان کی بڑھتی ہوئی عالمی ساکھ اور وزیر اعظم مودی کی فعال خارجہ پالیسی کی علامت ہیں۔ ان میں برازیل، روس، امریکہ، بھوٹان، سری لنکا، جاپان، جنوبی کوریا، ڈومینیکن ریپبلک، پاپوا نیو گنی، فجی، نائجیریا، برونائی، مالٹا، قبرص، ماریشس، بارباڈوس، گیانا، یونان اور برازیل کے علاوہ 8 مسلم ممالک بھی شامل ہیں۔ سعودی عرب سے آرڈر آف عبدالعزیز ال سعود (2016)‘افغانستان سے اسٹیٹ آرڈر آف غازی امیر امان اللہ خان (2016)‘فلسطین سے گرینڈ کالر آف دی اسٹیٹ آف فلسطین (2018)‘متحدہ عرب امارات (UAE) سے آرڈر آف زید (2019)‘بحرین سے کنگ حماد آرڈر آف دی رینسانس (2019)‘مالدیپ سے آرڈر آف دی ڈسٹینگوئش رول آف نشان عزالدین (2019)‘مصر سے آرڈر آف دی نیل (2023) اورکویت سے آرڈر آف مبارک الکبیر (2024) حاصل ہوا ہے۔