گھریلو برقی صارفین کیلئے تین اقساط میں ادائیگی کی سہولت

   

Ferty9 Clinic

احکامات کی اجرائی ، عوام میں بے چینی کے بعد محکمہ برقی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔12۔ جون (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن سے پریشان حال گھریلو برقی صارفین کو بھاری بلز کی اجرائی کے تنازعہ کے دوران محکمہ برقی نے گھریلو صارفین کیلئے تین اقساط میں بل کی ادائیگی کی سہولت کا اعلان کیا ہے۔ چیف جنرل مینجر ریوینو سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی نے تمام ماتحت عہدیداروںکو تین اقساط پر عمل آوری سے واقف کرایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی نے ایسے گھریلو صارفین جو ماہِ جون کا موجودہ بل ادا کرنا چاہتے ہیں، انہیں تین اقساط کی گنجائش دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جون میں 30 فیصد ، جولائی میں 40 فیصد اور باقی 30 فیصد اگست میں ادا کئے جاسکتے ہیں ۔ تمام سپرنٹنڈننگ انجنیئرس ، کوآپریشن ، سرکلس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گھریلو صارفین کیلئے تین ماہانہ اقساط پر عمل کریں۔ واضح رہے کہ لاک ڈاون کے اختتام کے بعد برقی حکام نے صارفین کو بیک وقت تین ماہ کا بل جاری کیا ۔ استعمال کئے گئے برقی یونٹس کے حساب سے زیادہ سلاب کے حساب سے بلز کی اجرائی عمل میں آئی جو کہ ہزاروں روپئے ہیں جبکہ عام حالت میں چند سو روپئے ماہانہ کا بل آتا ہے۔ عوام میں بے چینی اور اپوزیشن کے احتجاج کے بعد محکمہ برقی نے تین اقساط کی گنجائش دی ہے جبکہ عوام بل میں کمی اور رعایت کی مانگ کر رہے ہیں۔