حیدرآباد۔8۔اکتوبر(سیاست نیوز) بیوی کا قتل کرنے کے بعد شوہر نے پولیس میں خود سپردگی اختیار کرلی ۔ سائبر آباد کے علاقہ حیدر شاہ کوٹ علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ بیوی کا حالت نیند میں قتل کرنے کے بعد شوہر اپنے بچوں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچا اور اس نے قتل کا انکشاف کرتے ہوئے خود سپردگی اختیار کرلی۔ قاتل کی اطلاع کے بعد پولیس نے مقام واردات پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی انجام دی اور مقتولہ کی شناخت 34 سالہ کرشنا وینی کی حیثیت سے کرلی گئی جس کا قتل سریکانت نے کیا جو پیشہ سے دکاندار بتایا گیا ہے ۔ کرشنا وینی اور اس کے شوہر کے درمیان اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے اور اس بات کی شکایت پو لیس سے بھی کی گئی تھی۔ کل رات میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا اور شوہر نے بیوی کا قتل کردیا ۔ جھگڑے کے بعد کرشنا وینی اپنے کمرہ میں چلی گئی اور حالت نیند میں تھی ۔اس دوران سریکانت نے وزنی ہتھوڑے سے بیوی پر وار کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا اور بچوں کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا ۔ پولیس کو اس وقت تک قتل کا کوئی علم نہیں تھا ۔ کرشنا وینی کے رشتہ داروں نے اس قتل میں پولیس کو بھی مورد الزام ٹھہرایا ہے جنہیں بار بار شکایت کے باوجود بھی کارروائی نہیں کی گئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ع