فریز گوشت : گوشت فریزر میں جم جاتا ہے اس کو جلدی نرم کرنے کیلئے پانی میں ایک کھانے کا چمچ سفید سرکہ ڈال دیں۔ گوشت جلدی الگ ہو جائے گا۔
تیل کی سطح پر آنے والا جھاگ ختم کرنا : پکوڑے یا کوئی بھی چیز تلتے وقت تیل کی سطح پر جھاگ آجاتا ہے۔ایک آٹے کا گولہ بنا کر تیل میں ڈال دیں اور آنچ تیز کر دیں۔قدرے سرخ ہونے پر گولا نکال دیں اور پکوڑے تلنے شروع کر دیں۔
بسکٹ کو تازہ رکھنا : بسکٹ کو ہوا بند ڈش میں چکنائی جذب کرنے والے کاغذ کا نیا ٹکڑا ڈال کر رکھیں ۔ ایسا کرنے سے ڈش میں موجود بسکٹ کافی عرصے تک تازہ اور خستہ رہتے ہیں۔
دیگچی کی صفائی : اگر دیگچی میں سالن جل جائے تو دیگچی کو صاف کرنے کیلئے دیگچی میں پانی ڈال کر اس میں ایک پیاز اُبال لیں۔ہلکے گرم پانی سے صاف کریں۔دیگچی صاف ہو جائے گی اور بو بھی نہیں آئے گی۔
پیاز جلدی چھیلنا : پیاز کو جلدی چھیلنا ہو تو ان پر تھوڑا سا کوکنگ آئیل مل دیں۔ آسانی سے چھل جائے گی۔
قالین سے چائے کے دھبے دور کرنا : قالین پر اگر چائے گر جائے تو اس جگہ پر پسا ہوا نمک چھڑک دیں۔خشک ہونے پر برش سے صاف کر لیں۔چائے کا دھبہ نہیں پڑے گا۔
ڈبل روٹی کے سلائس : تازہ ڈبل روٹی بعض اوقات چھری سے کاٹنا مشکل ہوتی ہے۔چھری کو کھولتے پانی میں ڈبو کر ڈبل روٹی کاٹئیے۔ آسانی سے کٹ جاتی ہے۔
پلاسٹک کے برتنوں کو صاف کرنا : پلاسٹک کے برتنوں پر کالے نشان پڑ جاتے ہیں ان کو صاف کرنے کیلئے پانی اُبالیں اور اس میں واشنگ پاؤڈر اور ساتھ ہی تھوڑی سی پھٹکری ڈال دیں ۔ جب پانی گرم ہو جائے تو اس میں گندے برتن ڈال کر اوپر سے ڈھک دیں کچھ دیر کے بعد نکال لیں اور واشنگ پاؤڈر سے دھو لیں۔نشان آسانی سے صاف ہو جائیں گے اور برتن چمک اُٹھے گا۔
٭٭٭٭
