گھریلو ٹوٹکے

   

ہمیں آئے دن مختلف قسموں کے داغوں سے پالا پڑتا ہے ۔ کپڑے نئے ہوں یا پرانے،اگر ان پر داغ لگ جائیں تو وہ اچھے نہیں لگتے۔خاص طور پر چھوٹے بچوں والے گھروں میں یہ مسئلہ عام ہے۔خاتون خانہ اب آپ پریشان نہ ہوں ۔ذیل میں ہم آپ کو ایسے ہی چند ضدی داغوں کو صاف کرنے کے طریقے بتا رہے ہیں۔
تیل یا چکنائی کے داغ:پان والا چونا اور سفید چاک کا پاؤڈر ہم وزن لے کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔برش کے ساتھ داغ پر موٹا موٹا لیپ کر دیں اور سوکھنے پر دھو لیں یا ٹیلکم پاؤڈر،میدہ یا آٹا ڈال کر تھوڑی دیر کپڑا رکھے رہنے دیں۔تھوڑی دیر بعد دوسرا کپڑا یا بٹر پیپر اسی داغ پر رکھ کر استری کر لیں۔داغ پر براہ راست استری سے گریز کریں ورنہ داغ پکا ہو جائے گا۔
چائے کے داغ :چائے کے داغ پر نمک لگا کر فوراً دھو لینا صحیح ہے مگر نمک جذب کرنے کا انتظار ضرور کیجئے۔اگر ہو سکے تو فوراً سہاگہ مل دیں اور دس منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
پین کی سیاہی کے داغ :پین کے داغ دور کرنے کیلئے اس پر ہیئر اسپرے کریں اس کے بعد دھو لیں۔
مہندی کے داغ :پان والے چونے کا پیسٹ بنا کر مہندی کے داغ پر لگائیں اور جب سوکھ جائے تو برش سے رگڑ کر دھو لیں۔کپڑے کا رنگ نہ خراب ہوتا ہو تو لیموں اور سرکہ میں تھوڑا سا پانی ملا کر داغ پر لگائیں اور تیز دھوپ میں کپڑا رکھیں۔داغ مٹ جائے گا۔
پان کے داغ :پنساریوں کی دکان سے رنگ کاٹ لے کر اس سے داغ والی جگہ دھونے سے رنگ کٹ سکتا ہے مگر اس کی مقدار معمولی ہو تو بہتر ہے اور بڑی احتیاط کی ضرورت ہے۔اگر لیموں کا رس ملا جائے تو داغ ہلکا ہو جائے گا۔اگر کوئی ایسا کپڑا ہے جو آپ کیلئے بڑی اہمیت رکھتا ہے تو پھر مرغی یا کبوتر کی بیت برش کی مدد سے لگا کر سکھانے کے بعد دھونے سے پان کا داغ فوراً غائب ہو سکتا ہے۔