٭ اگر گوشت پکاتے یا بھونتے وقت جل جائے تو اس میں آدھی پیالی دودھ ڈال دینے سے جلے گوشت کی بو نہیں آتی۔
٭ پسے مسالہ جات کو زیادہ عرصہ تک صحیح رکھنے کیلئے اس میں ہینگ کا ٹکڑا رکھ دینے سے مسالے زیادہ عرصے تک کارآمد رہتے ہیں۔
٭ دیگچیاں جل کر گرم یا بالکل سیاہ ہو جائیں تو چولہے کو تیز آنچ پر چلائیں اور متاثرہ دیگچی اوندھی کر کے چولہے پر چند منٹ کیلئے رکھ دیں پھر اْتار کر مانجھ لیں دیگچی چمک اْٹھے گی۔
٭آج کل تو تام چینی کی بڑی خوبصورت ساس پین بھی مارکیٹ میں عام ملتی ہیں جن میں کھانا پکاتے ہوئے بڑا لطف آتا ہے۔ ان کی حفاظت کیلئے یہ ٹوٹکہ آزمائیں کہ کبھی اسٹیل کا چمچہ استعمال نہ کریں بلکہ لکڑی کے چمچہ سے کھانا پکائیں ۔ دوسرا ان برتنوں کو دھونے کیلئے سوڈا کبھی استعمال نہ کریں ۔ وم میں سوڈا شامل ہوتا ہے اس لئے انہیں صابن سے دھوکر صاف کریں۔
چیونگم کو اُتارنا : کسی کپڑے ، قالین یا سر کے بالوں پر چیونگم لگ جائے تو اسے اُتارنا بہت مشکل ہوجاتا ہے ۔ لیکن اگر اس کپڑے کو پلاسٹک کے لفافے میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیا جائے تو جب چیونگم ٹھنڈا ہو کرا کڑ جائے گی تو بہت آسانی سے اسے پکڑ کراتاردیں۔ اگر کپڑا بہت بڑا ہو یا کوئی قالین یا بالوں میں لگی ہو تو پھر برف کی ڈلی لے کر چیونگم پر ملیں تاکہ وہ خوب ٹھنڈی ہو کر اکڑ جائے اب اسے آسانی سے اتاردیں۔ بچے اکثر چیونگم اِدھر اُدھر چپکا دیتے ہیں اس ٹوٹکے کا جاننا بہت ضروری ہے ۔
٭ اگر پریشر ککر کھولتے ہوئے اس کے اندر کا گرم مواد آپ پر گر جائے یا کہیں سے بھی تھوڑی بہت جلد جل جائے تو آپ صابن کی جھاگ اس جگہ پر لگائیں حتیٰ کہ آپ کو سکون محسوس ہونے لگے۔
٭ سلاد کے پتوں کو دھو کر ان کی ڈنڈیاں ایسے پانی بھرے پیالے میں رکھیں جس میں چند برف کی ڈلیاں اور لیموں کے رس کے چند قطرے ملائے ہوں۔اس طرح سلاد یا سبز پتوں والی سبزیاں تر و تازہ رہیں گی۔
٭ گھر میں چیونٹیاں بہت زیادہ آتی ہوں تو ایک ٹب میں پانی کے ساتھ تھوڑا سا مٹی کا تیل ملا کر اس پانی سے گھر کا پونچا لگائیں ۔ اگر کارپٹ بچھا ہو تو اس کے کناروں پر پونچھا لگا دیں۔دو سے تین بار یہ عمل کرنے سے چیونٹیاں دوبارہ نہیں آئیں گی۔