گھر بیٹھے ووٹر سلپ اور بوتھ کی دریافت

   

بوتھ گوگل لوکیشن کی بھی سہولت، رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کی بھرپور مساعی
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے شہری اب اپنے گھر بیٹھے اور چلتے پھرتے ووٹر سلپ حاصل کرسکتے ہیں اور اب شہریوں کو پولنگ بوتھ کا پتہ پوچھنے کی بھی ضرورت نہیں چونکہ اب سب کچھ اپنی انگلیوں کے اشارے پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے شہریوں کی سہولت کیلئے ایک خصوصی ایپ کو تیار کیا ہے جو رائے دہی کیلئے کافی معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ ’’مائی جی ایچ ایم سی‘‘ (MyGHMC) کے نام سے تیار کردہ اس ایپ کے ذریعہ رائے دہندے اپنا ووٹر سلپ اور پولنگ اسٹیشن و پولنگ بوتھ کو معلوم کیا جاسکتا ہے اور ووٹر سلپ کے ساتھ ہی پولنگ بوتھ کا گوگل لوکیشن میاپ بھی آجائے گا۔ رائے دہندے اس ووٹر سلپ کو ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔ ’’مائی جی ایچ ایم سی‘‘ ایپ کو کافی خصوصیات سے تیار کیا گیا ہے۔ شہری اس ایپ کو اپنے موبائیل فون میں ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے سہولیات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ رائے دہندے کی جانب سے اپنا نام درج کرنے کے ساتھ ہی ووٹرسلپ اور گوگل لوکیشن آجائے گا جبکہ نام کے بجائے ووٹر شناختی کارڈ نمبر یا پھر وارڈ کا نمبر بھی درج کرنے پر ووٹرسلپ حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس ایپ کو مقبول بنانے کیلئے بلدیہ کی جانب سے زبردست تشہیر کی گئی ہے اور کالونی اسوسی ایشن کو بھی شعور بیداری کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔ اس ایپ کے استعمال کے ذریعہ رائے دہی کے فیصد میں بھی اضافہ کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔