گھر سے نکلیں ، ووٹ ڈالیں ، شہریوں کو وزیر کے ٹی آر کا فون

   

جی ایچ ایم سی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کی کوشش
حیدرآباد۔ بلدی انتخابات کے دوران رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے گذشتہ یوم کئی شہریوں کو فون کال کرتے ہوئے انہیں یکم ڈسمبر کو اپنے گھر سے نکل کر ووٹ ڈالنے کی زحمت کرنے کی اپیل کی اور اس دوران انہوں نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کے حق کو اپنی ذمہ داری تصور کرتے ہوئے اس کا استعمال کریں اسی طرح دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کے استعمال میں کوتاہی نہ کریں اور رائے دہی کے دن کو تعطیل کے دن کے بجائے ’’یوم ذمہ داری ‘‘ کے طور پر مناتے ہوئے اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔ شہر حیدرآباد کے انتخابات کے دوران رائے دہی کے فیصد میں ہونے والی کمی کو دور کرنے کیلئے نہ صرف وزیر بلدی نظم و نسق کی جانب سے اپیل کی گئی بلکہ انہوں نے اپنی اپیل کے دوران یہاں تک کہا کہ شہری اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دیں اور لازمی ووٹ کرتے ہوئے جمہوری حق کا استعمال کریں۔ان کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے اپنے ٹوئیٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعہ ووٹ کی اہمیت اور اس کے استعمال کے سلسلہ میں عوام کو ترغیب دی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی ’’آؤ ووٹ دیں‘‘ مہم چلائی جا رہی ہے۔وزراء ‘ سیاسی قائدین ‘عہدیداروں‘ سماجی و غیر سرکاری تنظیموں کے علاوہ فلمی اداکاروں‘ اداکاراؤںکی جانب سے بھی شہر میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ شہر حیدرآباد میں بلدی انتخابات کے دوران رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے متعدد کوششیں کی جانے لگی ہیں اور ان کوششوں میں بڑی حد تک کامیابی کا تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کو یقین ہے۔