گیان واپی مسجد کے بند وضوخانہ کی کل صفائی

   

فریقین کے نمائندوں کے اجلاس کے بعد فیصلہ
کاشی :سپریم کورٹ نے گزشتہ دنوں گیان واپی مسجد میں موجود وضوخانہ کی صفائی کا حکم جاری کیا تھا اور اب اس تعلق سے پیش رفت شروع ہو چکی ہے۔ جمعرات کی صبح اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بند وضوخانہ کی صفائی 20 جنوری یعنی ہفتہ کے روز کی جائے گی۔ صفائی کے وقت وضوخانہ کی صفائی سے متعلق عرضی سپریم کورٹ میں داخل کرنے والے فریق کے ساتھ کچھ دیگر اہم افراد بھی موجود رہیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو ضلع مجسٹریٹ ایس راج لنگم کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں ہندو فریق اور انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کے نمائندوں کے ساتھ پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ 20 جنوری کو سیل کیے گئے وضوخانہ کی صفائی کی جائے گی اور اس کے لیے صبح 9 بجے سے 11 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ کوئی بھی نمائندہ وضوخانہ کی جالی کے اندر داخل نہیں ہوگا۔ صرف صفائی اہلکار ہی اندر داخل ہو سکیں گے اور انتہائی احتیاط کے ساتھ صاف صفائی کا کام کریں گے۔