گیس ٹینک کے پھٹنے سے 15 افراد ہلاک، رہائشی عمارت تباہ

   

بغداد : شمالی عراق میں حکام نے جمعہ کو بتایا کہ گیس کا ایک ٹینک پھٹنے سے ، 15 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب لوگ زخمی ہو گئے جب کہ ایک عمارت منہدم ہو گئی۔ تلاش کی کارروائیاں ختم کر دی گئیں۔ صوبائی گورنر حول ابوبکر نے عراق کے خود مختار کردستان علاقہ کے دوسرے سب سے بڑے شہر سلیمانیہ میں جمعرات کی شام ہونے والے دھماکہ میں مرنے والوں کی حتمی تعداد کے متعلق بتاتے ہوئے صوبے میں ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا۔ ابوبکر نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھر کے ملبے کے نیچے سے اب مزید لاشیں نہیں ملیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ تین منزلہ عمارت اس وقت منہدم ہوگئی جب عمارت کو گرم رکھنے کے لیے استعمال ہونے والا مائع پیٹرولیم گیس ٹینک ، گیس کا اخراج ہونے کے بعد پھٹ گیا۔ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ایمرجنسی سروسز نے پہلے مرنے والوں کی تعداد گیارہ بتائی تھی، لیکن کئی گھنٹے بعد شہر کے ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے کے سربراہ ، سمن نادر نے، آپریشنز کے خاتمہ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کل 15 نعشیں ملی ہیں۔