لندن ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ اپوزیشن کی سیاسی جماعت لیبر پارٹی کو تاریخی شکست کا سامنا رہا۔ کئی حلقوں میں لیبر پارٹی اپنی سیٹوں کا دفاع نہیں کر سکی۔برطانیہ میں بارہ دسمبر کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی غیر حتمی نتائج کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کے رہنما بورس جانسن ایک بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان کی سیاسی جماعت کنزرویٹو پارٹی نے حریف جماعتوں کو پچھاڑ دیا ہے۔ سن 1987 میں ہونے والے الیکشن میں کنزرویٹو پارٹی نے 339 نشستیں حاصل کی تھیں اور اب بورس جانسن کی قیادت میں قدامت پسند سیاسی جماعت نے فتع کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔حتمی نتائج آنے پر کنزرویٹو پارٹی کو 368 تشستیں حاصل ہو سکتی ہیں۔ الیکشن میں اْن کے نعرے’ گیٹ بریگزٹ ڈَن‘ نے کام کر دکھایا۔ ایک مرتبہ پھر شمالی اور ویلز کے علاقوں میں بریگزٹ مخالف سیاسی جماعتوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس طرح عوام نے بریگزٹ کے تمام مخالفین کو مسترد کر دیا ہے۔