ہائیکورٹ کے فیصلہ کے باوجود میڈیکل و ڈینٹل کالجس کی من مانی

   

اضافی فیس کی واپسی اور سرٹیفکٹس حوالے کرنے سے انکار
حیدرآباد۔11 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود کئی خانگی میڈیکل اور ڈینٹل کالجس میں طلبہ کو زائد فیس واپس کرنے اور اوریجنل سرٹیفکٹس لوٹانے سے انکار کیا ۔ حکومت نے پوسٹ گریجویٹ کورسس فیس میں اضافہ کرکے 2017 ء میں جو احکامات جاری کئے تھے، عدالت نے انہیں کالعدم کردیا۔ ہائی کورٹ نے 19 جنوری کو اپنے فیصلہ میں خانگی کالجس کو ہدایت دی تھی کہ طلبہ سے حاصل کردہ اضافی فیس واپس کی جائے اور پی جی کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو اندرون 30 دن سرٹیفکٹس واپس کئے جائیں۔ کورٹ کے فیصلہ کو دو ہفتے گزرنے کے باوجود خانگی کالجس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ طلبہ اور سرپرستوں نے کالجس کے رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ توہین عدالت کے مرتکب ہو کر طلبہ کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ مہیش کمار نے اس پر عدالت میں مفاد عامہ درخواست دائر کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ پر عمل کیلئے حکومت کو کارروائی کرنی چاہئے ۔ کئی طلبہ نے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے نمائندگی کرکے مداخلت کی اپیل کی۔ر