اوبلا پورم مائننگ کیس میں بطور ملزم برقرار
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے آئی اے ایس عہدیدار وائی سری لکشمی کی جانب سے اوبلاپورم مائننگ کیس میں دائر کردہ نظرثانی درخواست کو مسترد کردیا۔ عدالت نے سری لکشمی کو غیر قانونی مائننگ کیس میں بطور ملزم برقرار رکھا ہے جس کے نتیجہ میں سی بی آئی کو تحقیقات کی گنجائش رہے گی۔ اکتوبر 2022 میں سی بی آئی کورٹ نے سری لکشمی کی درخواست کو مسترد کردیا تھا جس میں انہوں نے مقدمہ سے بری کرنے کی اپیل کی تھی۔ سی بی آئی عدالت کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ ہائی کورٹ نے ابتداء میں سری لکشمی کے حق میں رولنگ دی اور انہیں مقدمہ سے بری کرنے کی ہدایت دی۔ سی بی آئی نے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جس میں شکایت کی گئی کہ ہائی کورٹ نے سی بی آئی کے دلائل کا جائزہ لئے بغیر ہی فیصلہ سنایا۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ ہائی کورٹ کو ہدایت دی تھی کہ اس معاملہ کی دوبارہ جانچ اندرون تین ماہ مکمل کی جائے اور فریقین کے دلائل پر غور کیا جائے۔ تازہ ترین سماعت کے دوران سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ سری لکشمی نے سکریٹری انڈسٹریز کے طور پر 2006 میں اپنے اختیارات کا بے جا استعمال کرتے ہوئے اوبلا پورم کمپنی کو مائننگ کی لیز منظور کی تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سری لکشمی اس مقدمہ میں چھٹویں ملزم ہیں۔ سی بی آئی نے اپنے دلائل کے حق میں ثبوت پیش کئے ۔ ہائی کورٹ نے سی بی آئی کے دلائل کو قبول کرتے ہوئے سری لکشمی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ سے سری لکشمی اوبلا پورم غیر قانونی مائننگ مقدمہ میں بطور ملزم برقرار رہیں گی۔ 1