ایک شخص بیک وقت کورونا، ایچ آئی وی اور منکی پاکس سے متاثر
روم ۔ اطالوی شخص کا مبینہ طور پر ایک ہی وقت میں مونکی پاکس، ایچ آئی وی اور کورونا وائرس کا ٹسٹ مثبت آگیا۔ العریبیہ نیوز نے اطالوی محکمہ صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں سال جون میں اسپین کے پانچ روزہ دورے سے وطن واپس آنے کے بعد 36 سالہ نوجوان کو بخار، گلے کی سوزش اور تھکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اس نے پہلے علامات کا سامنا کرنے کے تین دن بعد کووڈ۔ 19 کا ٹسٹ کروایا جو مثبت آیا،اس کے بعد اس شخص کے بائیں ہاتھ پر خارش اور جسم کے دوسرے حصوں پر دردناک چھالے پڑنے لگے۔ اس کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید دانے بھی نکل آئے، جس کے بعد پسٹولز بن گئے۔ انہوں نے بتایا کہ جسمانی حالت خراب ہونے کے باعث متاثرہ مریض نے ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا جہاں اسے داخل کرنے کے لئے متعدی امراض کے ٹسٹ کروائے گئے جن میں متاثرہ مریض میں منکی پاکس، کورونا وائرس اور ایچ آئی وی کا ٹسٹ مثبت آگیا۔ واضح رہے کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کسی بھی شخص میں کورونا وائرس، منکی پوکس اور ایچ آئی وی کے بیک وقت انفیکشن کا یہ پہلا رپورٹ شدہ کیس ہے۔