ہاتھ دھونے کا چیلنج۔کے ٹی آر نے ٹوئیٹر پرویڈیو پوسٹ کی

   

حیدرآباد۔24 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راماراو نے ہاتھ دھونے کے چیلنج کو قبول کیا ہے ۔انہوں نے اس خصوص میں سوشیل میڈیا کے ذریعہ کا سہارا لیا۔وزیرموصوف نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کو ہینڈ واش لکویڈسے ہاتھ دھوتا ہوا دکھایاگیا ہے ۔59سکنڈ کی اس ویڈیو میں مسٹر راو نے ہاتھ دھوتے ہوئے حفظان صحت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے اس ویڈیو میں انگریزی میں کہا کہ مناسب طورپر ہاتھوں کو دھونا چاہئے ۔انہوں نے اس کو اپنے ہاتھ دھوئیے چیلنج کا نام دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مناسب طورپر ہاتھ کو دھونا چاہئے تاکہ جراثیم نکل جائیں۔انہوں نے کہاکہ انگلیوں کے سامنے کے حصوں کو بھی صاف کیاجائے ۔مسٹر تارک راما راو جو تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے فرزند و حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارگزار صدر بھی ہیں نے اپنے ویڈیو کے ساتھ کئے گئے ٹوئیٹ میں کہا کہ شخصی حفظان صحت کی اہمیت ہے تاکہ کورونا وائرس کو روکا جاسکے ۔انہوں نے ہاتھ دھونے کا چیلنج وزیراعظم مودی کے علاوہ ہردیپ پوری،امیتابھ بچن،وائی ایس جگن موہن ریڈی اورپیوش گوئل کو دیا۔