ہاسٹلس و کالجس کے ملازمین کو بہتر خدمات کی فراہمی کی ہدایت

   

میدک میں اقامتی مدارس کے عہدیداروں کااجلاس ،ضلع کلکٹر کے دھرما ریڈی کا خطاب

میدک /29 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر میدک مسٹر کے دھرما ریڈی کی صدارت اقامتی مدارس و کالجس اور مختلف ہاسٹلوں کے پرنسپلس ، ذمہد ار اساتذہ اور ہاسٹل کے وارڈنس دیگر نگران کاروں کا ایک اجلاس کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔ ضلع کلکٹر نے ہاسٹل وارڈنس پرنسپلس سے کہا کہ اپنی خدمات کی انجام دہی میں کوئی غفلت نہ کریں ۔ اوقات کی پابندی کریں ۔ ہاسٹلس اور کالجس مدارس میں نظام صفائی کو بہتر بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو صاف ستھرا پانی فراہم کریں ۔ ہر دن کا کچرا اسی دن منتقل کریں ، کچرے کی نکاسی کیلئے مقامی گرام پنچایتوں سرپنچوں سے بات چیت کرتے ہوئے کچرا کی نکاسی عمل میں لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایتوں کو کلکٹریٹ کی جانب سے اس امر سے متعلق احکامات کی اجرائی بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔ بچوں کی صحت کا خیال رکھنا ہاسٹل کے ذمہ داروں کا فرض بنتا ہے ۔ کلکٹر میدک نے دسویں جماعت میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہاسٹل اور اقامتی مدارس میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات پر گہری نظر رکھیں ۔ صد فیصد نتائج کیلئے سعی کریں ۔ انہوں نے پرنسپلس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری طلباء کے اسکالرشپس اور فیس ریمبرسمنٹ روکے نہ رکھیں ۔ اس موقع پر ویلفیر آفیسر مسٹر سدھاکر ، جئے راج کے علاوہ اقامتی مدارس کے پرنسپلس بھی شریک تھے ۔