لڑکی نے خود کشی کی کوشش کی تھی ۔ ڈسمبر کے پہلے ہفتے میں ہوئی پسند کی شادی کا عبرتناک انجام
حیدرآباد : 16 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ہاسپٹل لیجانے کے بہانے بیوی کو جنگل میں چھوڑ کر ایک شخص فرار ہوگیا ۔ اقدام خودکشی کرنے والی خاتون کو شوہر نے جنگل میں تنہا بے یار و مددگار چھوڑ دیا اور راہ فرار اختیار کی ۔ مقامی افراد کی چوکسی اور جنگل سے صرف تنہا شوہر کی واپسی کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے خاتون کو ہاسپٹل منتقل کردیا جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔ خاتون کی شناخت رابعہ کی حیثیت سے کی گئی ۔ اس خاتون کو اس کے شوہر وکرم نے جنگل میں چھوڑ کر راہ فرار اختیار کی تھی ۔ وکرم کا مہاراشٹرا اور رابعہ بنگلورو سے تعلق ہے ۔ دونوں میں محبت ہوئی اور پسند سے شادی کی تھی ۔ وکرم ملازمت کیلئے بنگلور میں مقیم تھا ۔ تعجب کی بات ہے کہ ان کی شادی ان کی مرضی اور پسند سے جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں ہی ہوئی تھی ۔ شادی کے بعد یہ جوڑا حیدرآباد میں مقیم تھا ۔ حیدرآباد میں ان کے درمیان تعلقات کچھ بہتر نہیں تھے ۔ اکثر میاں بیوی جھگڑے کیا کرتے تھے ۔ ان جھگڑوں سے تنگ آکر رابعہ نے زائد مقدار میں گولیوں کا استعمال کرلیا اور اس کی صحت تشویشناک ہوگئی ۔ وکرم نے فوری رابعہ کو ہاسپٹل لیجانے کے بہانے ملگ جنگلات پہنچا اور جنگل میں بیوی کو چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے لڑکی کے والدین کو اطلاع دی اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ ع