ٹی آر ایس امیدوار این بھگت کمار ، ٹی آر ایس کے دوسرے قائدین بھی کورونا سے متاثر ، 40 منٹ تک بند کمرے میں اجلاس
کلکٹر نلگنڈہ کورنٹائن ، اتم کمار ریڈی کا گن مین ، ڈرائیور بھی متاثر حلقہ ناگرجنا ساگر میں 200 افراد متاثر
حیدرآباد :۔ ناگر جنا ساگر ضمنی انتخابات کے موقع پر 14 اپریل کو ہالیہ میں انعقاد کردہ جلسہ عام میں چیف منسٹر کے سی آر کورونا سے متاثر ہونے کا شبہ کیا جارہا ہے ۔ جلسہ عام کے تیسرے دن چیف منسٹر کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو برآمد ہوا ہے ۔ جلسہ عام میں شرکت کرنے والے ٹی آر ایس کے امیدوار این بھگت کمار پارٹی کے قائدین ایم سی کوٹی ریڈی ، کے انجیا بھی کورونا سے متاثر ہوئے جس سے شکوک کو تقویت حاصل ہورہی ہے ۔ ہالیہ میں چیف منسٹر کا شام 6 بجے جلسہ عام منعقد ہوا ۔ موسم سازگار نہ ہونے کی وجہ سے چیف منسٹر بذریعہ سڑک ناگرجنا ساگر پہونچے ۔ پوٹی چیلما کے پاس چیف منسٹر نے محکمہ آبرسانی کے گیسٹ ہاوز میں وزراء جگدیش ریڈی ، ٹی سرینواس یادو کے علاوہ حلقہ کے اہم قائدین سے تقریبا 40 منٹ تک بند کمرے میں ملاقات کی ۔ بعد ازاں وہ جلسہ گاہ پہونچے جیسے ہی کے سی آر شہ نشین پر پہونچے قائدین نے بڑے پیمانے پر ان کا بغیر ماسک لگائے استقبال کرتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔ شہ نشین پر تقریبا 50 قائدین موجود تھے جن میں نصف قائدین نے ماسک نہیں لگایا تھا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی تقریر تک ٹی آر ایس کے امیدوار این بھگت کمار چیف منسٹر کے بغل میں ٹھہرے رہے ، ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی پی راجیشور ریڈی بھی کافی دیر تک بغیر ماسک کے چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کرتے رہے ۔ ناگر جنا ساگر کے ضمنی انتخابات کے بعد سارے حلقہ میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ ٹی آر ایس کے امیدوار این بھگت کمار کے علاوہ ان کا سارا خاندان کورونا سے متاثر ہوا ہے ۔ اپریل کے پہلے ہفتہ تک انتخابی مہم میں حصہ لینے والے اسمبلی حلقہ آرمور کے رکن اسمبلی جیون ریڈی کے بھائی کے علاوہ دوسرے قائدین کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو برآمد ہوا ہے ۔ مارکٹ کمیٹی کے صدر نشین جنیا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی کا ڈرائیور اور گن مین بھی کورونا سے متاثر ہوگیا ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جس گھر میں قیام کرچکے تھے اس گھر کا مالک ریٹرینگ آفیسر کے آفس میں خدمات انجام دینے والا آر آئی کورونا سے متاثر ہوگیا ۔ انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے ٹیچر رنجیت سنگھ کورونا سے فوت ہوگئے ۔ ضلع نلگنڈہ کے کلکٹر پی جی پاٹل کورونا کی وجہ سے چند دن سے کورونٹائن میں ہیں ضمنی انتخابات سے قبل تک انومولہ پرائمری ہیلت سنٹر میں ہر روز دو یا تین کورونا کے نئے کیسیس درج ہورہے تھے ۔ پیر کے کرائے گئے ٹسٹوں میں پازیٹیو کیس کی تعداد بڑھ کر 66 تک تک پہونچ گئی ۔ 45 دن کے دوران اسمبلی حلقہ ناگر جنا ساگر میں 2 ہزار پازیٹیو کیسیس درج ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ اسمبلی حلقہ کے مختلف منڈلس میں حالیہ دنوں میں 200 سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ۔ متاثرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے ۔۔