ہانگ کانگ معاملے پر پابندیاں امریکی چینی تعلقات مزید سنگین

   

واشنگٹن : ہانگ کانگ میں بیجنگ حکومت کے کریک ڈاؤن کے ردعمل میں امریکہ کی جانب سے سخت پابندیوں کے نفاذ پر چین نے سخت تنقید کی ہے۔ ہانگ کانگ میں چین نے ایک نیا سکیورٹی قانون لاگو کیا ہے، جس کے جواب میں امریکہ نے ہانگ کانگ اور چین سے تعلق رکھنے والی متعدد اہم شخصیات پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن میں ہانگ کانگ کی رہنما کیری لام بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چینی انٹرنیٹ کمپنیوں ٹک ٹاک اور وی چیٹ کو بھی امریکہ میں مالی لین دین سے روکنے کا اعلان کیا تھا۔ ٹک ٹاک سے متعلق صدارتی حکم نامے میں کہا گیا تھا اگر چینی ایپلی کیشنز کو آئندہ 45 دن میں کسی امریکی کمپنی کو فروخت نہیں کیا گیا تو ان پر امریکہ میں پابندی لگادی جائے گی۔