ہتھنی کی موت کی مکمل تحقیقات کروانے کا تیقن: چیف منسٹر کیرالا

,

   

مسئلہ پر سیاست اور نفرت پھیلانے والوں کی پنارائی وجئین کی جانب سے مذمت

تھرواننتاپورم 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجئین نے تیقن دیا کہ ریاست کی حاملہ ہتھنی کی موت کی مکمل تحقیقات کروائی جائے گی۔ اُنھوں نے اِس مسئلہ پر سیاست کرنے اور نفرت پھیلانے والوں کی مذمت کی۔ کیرالا کے بال کھڈ ضلع میں انناس کھانے کے بعد ہتھنی کی موت ہوگئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ انناس میں آتشیں مادہ تھا جسے کھانے کے بعد منہ میں پھٹ پڑا۔ زخمی ہتھنی درد سے راحت کے لئے پانی میں چلی گئی جہاں اُس کی موت ہوگئی۔ ملک بھر میں اِس واقعہ پر شور شرابہ ہوا اور انصاف کے لئے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اِس ضمن میں آپ لوگوں کا فکرمند ہونا ضائع نہیں ہوگا۔ اِس واقعہ کی تحقیقات کروائی جائیں گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ پولیس اور محکمہ جنگلات کی جانب سے اِس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اُنھوں نے 3 مشتبہ افراد کی نشاندہی کی ہے۔ ضلع پولیس کے سربراہ اور ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر نے آج اُس مقام کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے اِس ضمن میں کئی ٹوئٹ کرتے ہوئے عوام کو تیقن دیا۔ ساتھ ہی اُنھوں نے کیرالا کے خلاف سوشل میڈیا پر اِس واقعہ کو لے کر کی جانے والی نفرت انگیز مہم کی مذمت کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ کچھ مفاد پرست لوگ اِس دردناک واقعہ پر نفرت کی مہم چلارہے ہیں۔ آدھی سچائی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ کیرالا ایک ایسا سماج ہے جو ناانصافی کے خلاف ہونے والے احتجاج کا احترام کرتا ہے۔ ناانصافی کے خلاف ہمیشہ آواز اُٹھائی گئی ہے۔

قومی سطح پر اِس واقعہ کو لے کر زبردست برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مقامی افراد نے ہتھنی کو انناس کھلایا تھا جس کے نتیجہ میں اُس کی زبان اور جبڑا شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈوبنے سے اس کی موت ہوئی ہے۔ تحفظ جنگلی جانوران قانون کے تحت 3 جون کو نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم ہتھنی کی موت کے ضمن میں مختلف مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ محکمہ جنگلات نے یقین دلایا ہے کہ خاطیوں کو سزا دلانے میں وہ کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اِسی دوران مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاؤڈیکر نے کہاکہ دھماکو اشیاء کھلاکر قتل کرنا ہندوستان کا کلچر نہیں ہے۔ مرکزی حکومت نے ہتھنی کی موت کا سنجیدگی سے نوٹ لیا ہے۔ بی جے پی لیڈر و جقوق جانوران کے لئے کام کرنے والی منیکا گاندھی نے اِس واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملاپورم جانوروں کے ساتھ مجرمانہ سرگرمیوں کے لئے مشہور ہے۔