ہجومی تشدد کیخلاف آواز اُٹھانے پر اداکار کو دھمکی

   

وزیراعظم کو روانہ کردہ مکتوب میں 49 اہم شخصیتوں میں کوشک سین بھی شامل
کولکاتا 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اداکار کوشک سین نے جو ہجومی تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو روانہ کردہ مکتوب پر دستخط کرنے والوں میں سے ایک ہیں، کہاکہ مجھے جان سے مار دینے کی دھمکی آمیز کالس موصول ہورہے ہیں۔ اِس دھمکی والے کال کے بارے میں پولیس کو اطلاع دی جاچکی ہے اور جس نمبر سے فون آیا تھا وہ نمبر بھی پولیس کو دیا گیا ہے۔ اداکار کوشک سین نے کہاکہ مجھے کل ایک نامعلوم نمبر سے کال وصول ہوا۔ کال کرنے والے نے مجھے سنگین نتائج کی دھمکی دی اور کہاکہ انھوں نے ہجومی تشدد اور عدم رواداری کے خلاف آواز اُٹھائی تو انھیں سبق سکھایا جائے گا۔ مجھ سے کہا گیا ہے کہ میں چُپ رہوں۔ اگر کچھ کہوں تو مجھے ہلاک کیا جائے گا۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ اِس معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے۔ اداکار نے مزید کہاکہ میں پوری ایمانداری سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے اِس طرح کے دھمکی آمیز کالس کی پرواہ نہیں ہے۔ میں نے دیگر ساتھیوں کو اِس کی اطلاع دے دی ہے اور مجھے جس نمبر سے فون آیا تھا وہ نمبر بھی میں نے وزیراعظم کو روانہ کردہ مکتوب پر دستخط کرنے والوں کو روانہ کیا ہے۔ اِس مکتوب میں فلمسازوں، مصنفین اور اداکاروں کے بشمول 49 اہم شخصیتوں کے گروپ نے دستخط کئے ہیں۔