ہجومی تشدد کی مذمت کرنے والے دانشور ملک کے غدار!

   

مودی کے نام ہندو مہاسبھا کا خون سے تحریر کردہ مکتوب
علیگڑھ ۔ 30 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا ہندو مہاسبھا نے ملک میں اقلیتوں پر ہجومی تشدد اور نفرت پر مبنی حملوں کے واقعات کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی کے نام مکتوب لکھنے والے 49 ممتاز شخصیات کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ مختلف شعبہ ہائے حیات میں نمایاں مقام کی حامل ممتاز شخصیات کے اس مکتوب کے جواب میں ہندو مہاسبھا نے وزیراعظم کے نام خون سے تحریر کردہ 101 مکتوب روانہ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے غداروں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے اور ان کے تمام قومی ایوارڈس واپس لینا چاہئے ۔ واضح رہے کہ بشمول منی رتنم ، انوراگ کیشپ ، شیام بینگل اور اپرنا سینا ، شوبھا مدگل ، رامچندرا گوہا ، 49 ممتاز شخصیات نے 23 جولائی کو وزیراعظم مودی کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے ’’مذہبی شناخت کی بنیاد پر کئے جانے والے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ’ جئے شری رام ‘ اب ایک اشتعال انگیز جنگی نعرہ میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس کے نام پر ہجومی تشدد کے کئی واقعات پیش آرہے ہیں‘‘۔