ہجومی قتل ‘ غیر انسانی حرکت ‘ سخت کارروائی ضروری : فرنویس

   

میں ہندو توا نظریہ کا حامل ہوں لیکن ذہنیت سائٹفک ہے ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا کا اظہار خیال
ممبئی ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈناویس نے اتوار کے دن ہجومی قتل کو ’’ایک غیرانسانی حرکت‘‘ قرار دیا اور ایسے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی صلاح دی ۔ لاتور ضلع میں انہوں نے ’’مہاجنادیش یاترا‘‘ کے دوران اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوتوا نظریہ کے حامل شخص ہیں لیکن ان کی ذہنیت سائنٹفک ہے ۔ ملک کے متعدد حصوں میں غضبناک ہجوم کے ہاتھوں لوگوں کی ہلاکت کے سینکڑوں واقعات روشنی میں آچکے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہجومی قتل ایک غیر انسانی حرکت ہے اور یہ بالکل غلط ہے ۔ اس جرم کے ارتکاب کرنے والوں کو اپنی حرکتوں کا خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار رہنا چاہئیے ۔ ہجومی قتل میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئیے ۔ جب ان سے دریافت کیا گیا کہ کیا وہ ایک ’’ہندوتوا وادی پارٹی‘‘ کی نمائندگی کرتے ہیں اور کیا وہ ’’یگنہ‘‘ کرنے والوں کو مالی امداد دینے پر غور کرتے ہیں جو اچھی بارش کے لئے آگ کے آگے بعض رسومات ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ’’میں ہندوتوا وادی ہوں لیکن میرا مزاج سائینسی انداز میں سونچتا ہے ۔ مرٹھواڑہ میں مصنوعی طریقہ سے بارش برسانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ گزشتہ چار روز سے یہاں معقول بارش ہورہی ہے جس سے معمول سے کم اور زیادہ بارش کے درمیان واقع فرق گھٹ رہا ہے ۔