ہراساں کرنے کا الزام ،گوگل نے سابق ایگزیکٹو کو3.5 کروڑ ڈالر ادا کیے

   

لاس اینجیلس ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)عدالت کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گوگل نے سابق سرچ ایگزیکٹو امیت سینگھال سے استعفیٰ لینے کے بعد انہیں ایگزٹ پیکج کے تحت 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کیے۔خیال رہے کہ ہراساں کرنے کے الزام کی تحقیقات کے بعد گوگل نے سرچ ایگزیکٹو امیت سینگھال سے استعفیٰ لیا تھا۔اے پی کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے خلاف شیئر ہولڈر کی جانب سے کیے گئے مقدمے کے حصے کے طور پر ایگزٹ پیکج کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں۔یہ مقدمہ شیئر ہولڈر جیمز مارٹن نے گوگل کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کے الزامات میں ملوث ایگزیکٹو کو رقم ادا کرنے کے انکشافات سامنے آنے کے بعد کیا تھا۔مقدمے میں گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کے بورڈ کو نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا گیا کہ اس کے اراکین پر کمپنی کی حفاظت اور اس کے شیئر ہولڈرز کو خطرات اور ان کی شہرت کو نقصان سے بچانے کی ذمہ داری عائد تھی۔