نئی دہلی: کینیڈین پولیس نے خالصتانی ملی ٹینٹ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر دی ہے۔ اس فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح نجر کو مارنے سے پہلے حملہ آوروں نے اس کی گاڑی کا تعاقب کیا اور اس کی گاڑی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے روکا۔ اس کے بعد حملہ آوروں نے نجر پر فائرنگ کر دی۔ خیال رہے کہ خالصتانی ملی ٹینٹ ہردیپ نجر کا گزشتہ سال 18 جون کو قتل کر دیا گیا تھا۔ کینیڈین پولیس کے مطابق قتل میں کل چھ حملہ آور ملوث تھے۔ رپورٹ کے مطابق نجر پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے کہنے پر ہندوستان میں بدامنی پھیلاتا تھا۔ آئی ایس آئی نجر کو فنڈز دیتی تھی اور اس نے پاکستان میں ٹریننگ بھی لی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ کینیڈا کی حکومت نے نجر کے قتل کا ذمہ دار ہندوستانی خفیہ ایجنسیوں کو ٹھہرایا تھا۔ کینیڈین حکومت کے اس الزام پر ہندوستانی حکومت نے سخت ردعمل دیا تھا۔ وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ہمارا براہ راست یا بالواسطہ کسی بھی واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔