نئی دہلی ۔ خواتین کے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ٹیم انڈیا کی کارکردگی بہت خراب رہی۔ اسے یہ ٹورنمنٹ جیتنے کا مضبوط دعویدار سمجھا جا رہا تھا لیکن ہندوستانی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے تک بھی نہیں پہنچ سکی اورگروپ مرحلے سے ہی باہر ہوگئی۔ اب ہرمن پریت کورکی کپتانی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی جلد ہی ہیڈ کوچ امول مجمدار کے ساتھ ملاقات کر کے ہرمن پریت کوکپتانی سے ہٹا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا کی سابق کپتان میتھالی راج نے بھی تنقیدکی ہے کہ گزشتہ 2 سے 3 سال میں ٹیم میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے نئے کپتان کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ نیوزی لینڈ سیریز سے قبل قسمت کا فیصلہ ہو گا یہ اشارے مل چکے ہیں۔ہندوستانی خواتین ٹیم کو24 اکتوبر سے نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کھیلنی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے بی سی سی آئی ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ امول مجمدار سے ملاقات کر سکتا ہے۔ اس دوران ہرمن پریت کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 2025 ونڈے ورلڈ کپ سے پہلے بی سی سی آئی انہیں ہٹا کر نیا کپتان لانا چاہتا ہے۔
ہرمن پریت اور اْدیتا ہاکی انڈیا لیگ میں کھیلنے کے پرعزم
نئی دہلی۔ ہرمن پریت سنگھ اور ادیتا دوہان، جو ہاکی انڈیا لیگ کی نیلامی میں سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے تھے، ٹورنمنٹ میں اپنے مداحوں کے ساتھ شائقین کے دل جیتنے کے لیے بے چین ہیں۔ ہرمن پریت سنگھ کو تین روزہ طویل نیلامی کے پہلے دن پنجاب اور ہریانہ کے سورما ہاکی کلب نے 78 لاکھ روپے میں خریدا۔ اْدیتا کو شراچی رار بنگال ٹائیگرز نے 32 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ مینزلیگ میں آٹھ ٹیمیں ہوں گی جبکہ پہلی بار ہونے والی ویمنز لیگ میں چار ٹیمیں حصہ لیں گی۔ حرمین پریت نے کہا مجھے خوشی ہے کہ ہاکی انڈیا لیگ واپسی کر رہی ہے۔ جب میرا نام نیلامی کے لیے آیا تو میں اس پر توجہ دے کر دیکھ رہا تھا۔ میں امید کررہا تھا کہ سردار سنگھ میرے نام بولی لگائیں گے تاکہ مجھے ہریانہ اور پنجاب کے لیے کھیلنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا جب سورما ہاکی کلب نے مجھے خریدا تو میں نے راحت کی سانس لی۔ میں بہت خوش ہوں۔ ہندوستانی کپتان نے کہا ہمارے پاس بہت متوازن ٹیم ہے۔ اس میں تجربہ کار، بڑے نام اور نوجوان کھلاڑی ہیں جو مستقبل میں بڑے ستارے بن سکتے ہیں۔ ہندوستانی خواتین کی ٹیم کی ڈیفینڈر ادیتا نے کہا ہاکی انڈیا نے مردوں کے ساتھ خواتین کی لیگ شروع کرکے نئے معیارات قائم کیے ہیں۔یہ ہمارے لیے ایک سنہری موقع ہوگا کہ ہم اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور بطورکھلاڑی خود کو بہتر بنائیں۔ میں بہتر نتائج کیلئے صد فیصد مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گی۔